بھٹکل:15/جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ اپاہج اور والدین وفاق کے صدارتی عہدے کے لئے لوکیش وینکٹیش نائک تلہند کو منتخب کیا گیا ہے۔ اتوار کو سرکیٹ ہاؤس میں ضلعی صدر پروین کمار اور سی پی آئی ایم کے سبھاش کوپیکر کی موجودگی میں منعقدہ میٹنگ میں نئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ وفاق کے نائب صدر کےطور پر گلمی کے سید حسن ، سکریٹری منجوناتھ شیٹھ اور ممبران کے طورپر مادیو نائک، چندرشیکھر شیٹھ ، وشوناتھ شیٹھ ، روی نائک منتخب کئے گئے ہیں۔ میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر پروین کمار نے کہاکہ 1995میں اپاہجوں کے لئے جاری کردہ قانون بغیر دانتوں کاسانپ ہے، اپاہجوں کو سماج کا اہم حصہ بنانے کے لئے حکومتی سطح پر جاری کردہ منصوبہ جات کو مکمل طورپر نافذ نہیں کیا جارہاہے۔ اصول کے مطابق 3 فیصدامداد کی مناسب تقسیم نہیں ہورہی ہے، ان سنگین حالات میں ہمارا وفاق اپاہجوں کی تعاون کرتاہے۔ گذشتہ 2سالوں سے اسوسی ایشن کی طرف سے اپاہجوں کے لئے کھیل مقابلے بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔ 15اور16فروری کو اترکنڑا ضلع کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریاستی سطح کے کھیل مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔